نئی دہلی، 30اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آسام۔میگھالیہ کیڈر کے 1984 بیچ کے آئی پی ایس افسر و ائی سی مودی نے آج قومی جانچ ایجنسی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا۔ وائی سی مودی نے شرد کمار کی جگہ لی جن کے دور میں ایجنسی نے بودھ گیا مندر دھماکہ، پٹھان کوٹ فوجی ایئر بیس پر حملہ، آئی ایس آئی ایس کے لنکس اور جموں کشمیر دہشت گردی کے لئے فنڈز مہیا کرانے جیسے بڑے بڑے معاملات کی تفتیش کی ہے۔ این آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے ذیل کے طور یونائیٹڈ نیشنل لبریشن فرنٹ، د ل سکھ نگر حیدرآباد دھماکے کیس، آئی ایس آئی سازش کیس اور جعلی بھارتی کرنسی نوٹ جیسے اہم واقعات کی جڑ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وائی سی مودی 22 ستمبر کو این آئی اے میں خاص ڈیوٹی افسر کے طور پر شامل ہوئے تھے ۔انہوں نے 2002۔2010 تک اور پھر 2015۔2017 تک 10 سال تک سی بی آئی کے لئے کام کیا جہاں انہوں نے بدعنوانی کے خلاف مقدمات کے ساتھ ہی خاص جرم اور اقتصادی جرائم کے واقعات کی تحقیقی تفتیش کرکے بہت بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ وائی سی مودی نے 1991 اور 2002 کے درمیان کابینہ سیکریٹریٹ میں بھی کام کیا۔ پروموشن پر این آئی اے میں بھرتی ہونے سے پہلے مودی نئی دہلی میں سی بی آئی میں اضافی ڈائریکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انہیں 2001 میں پولیس میڈل فار میرٹوریس سروس اور 2008 میں صدارتی پولیس میڈل بھی پیش کیا گیا تھا۔